بھارتی دھمکیاں: فضائیہ کی اہم جنگی مشقیں‘ فاروڈ آپریٹنگ بیسز مکمل آپریشنل
اسلام آباد+ لاہور (صباح نیوز+ آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ائرچیف کی دھمکیوں کے بعد پاک فضائیہ کی تمام فارورڈ آپریٹنگ بیسز کو مکمل آپریشنل کر دیا گیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل سہیل امان نے خود طیارہ اڑا کر جنگی مشقوں میں حصہ لیا۔ بھارتی ائرچیف کی دھمکیوں کے بعد پاک فضائیہ کی اہم جنگی مشقیں شروع کردی گئیں۔ پاک فضائیہ کے تمام فارورڈ آپریٹنگ بیسز مکمل آپریشنل کردیئے گئے ۔ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے فارورڈ ایئر بیس کا دورہ کیا ۔ ایئر چیف نے خود میراج طیارہ اڑا کر پاک فضائیہ کے شاہینوں کے حوصلے بڑھائے۔ مشقوں کے دوران فضائیہ کے میراج طیاروں نے سیاچن کے قریب پروازیں کیں۔ ائر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ اگر دشمن نے جارحیت کی تو جواب ان کی نسلیں یاد رکھیں گی اگر کسی کی جانب سے مہم جوئی کا سوچا گیا تو اس کی غلط فہمی ہو گی‘ ملکی دفاعی پالیسی کے تحت پوری قوت سے جواب ملے گا۔ بدھ کو قادری ایئر بیس کے دورے کے موقع پر گفتگومیں ایئر چیف مارشل نے کہا تربیتی مشقیں معمول کی آپریشنل سرگرمی ہے۔ کسی کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ ہم تیار ہیں ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے قوم کو ہم پر اعتماد ہونا چاہیے۔ پاک فضائیہ سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہر دم تیار ہے۔ انہوں نے کہا پاک فضائیہ بہترین ایئر فورس ہے۔قوم کو دشمن کے بیانات پر بالکل پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ آپریشن ضرب عضب ہو یا رد الفساد پاک فضائیہ کا کردار بھرپور ہے۔ جے ایف 17 کی پیداوار تین گنا بڑھ چکی ہے۔ یہ طیارہ قوم کا فخر ہے۔ ایئر چیف نے کہا جے ایف 17 منصوبہ کی اہم بات فضائی دفاع میں خود کفیل ہونا ہے۔ پاک فضائیہ کے لئے کوئی بھی صورتحال مشکل نہیں۔کسی بھی مہم جوئی پر ملکی دفاعی پالیسی کے تحت پوری طاقت سے جواب ملے گا۔ اگر دشمن نے جارحیت کی تو جواب اس کی نسلیں یاد رکھیں گی۔ سہیل امان نے کہا ہم امن پسند قوم ہیں لیکن ہم ہر طرح کے چیلنجز کیلئے تیار ہیں پاکستان ائرفورس کیلئے کوئی بھی صورتحال مشکل نہیں۔ واضح رہے بھارتی ائرچیف مارشل بی ایس دھانوا نے 30 مارچ کو ذاتی حیثیت میں 12 ہزار افسروں کو مختصر نوٹس پر آپریشنز کیلئے تیار رہنے کا خط لکھا تھا۔ علاوہ ازیں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، سمندری سرحدوں کی حفاظت کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے، پاکستان نیوی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے، ہر لحظہ، ہر آن، ہر گھڑی، سطح آب اور زیر آب دشمن پر کاری ضرب لگانے کے لئے تیار ہیں۔ لاہور میں پاکستان نیوی وار کالج کے 46ویں سٹاف کورس کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمرل ذکاء اللہ نے دشمن پر واضح کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جس کو کئی خطرات کا سامنا ہے۔ خطے میں چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مضبوط نیوی کی ضرورت ہے۔ کسی بھی مہم جوئی کے پیش نظر سمندری سرحدوں کی حفاظت کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ پاک بحریہ کے سربراہ نے کورس مکمل کرنیوالوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کورس آپ کی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کریگا۔ نیول چیف نے پاک بحریہ، پاک آرمی، پاک فضائیہ کے 43 اور دوست ممالک اْردن، انڈونیشیا، بنگلہ دیش، چین، سری لنکا، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ملائیشیا، مصر، میانمر اور نائیجریا کے 20 آفیسرز کو وار سٹڈیز (میری ٹائم) میں ماسٹرز کی ڈگریاں تفویض کیں۔ پاکستا ن امن پسند ملک ہے جو اپنے جائز اقتصادی اور سکیورٹی مفادات کے حصول کے لئے کوشاں ہے، تاہم موجودہ صورت حال میں ایک مضبوط بحری فورس کی ضرورت پہلے کی نسبت زیادہ شدت کے ساتھ محسوس کی جا رہی ہے۔