کراچی: بجلی بحران بے قابو ‘ شدید گرمی میں شہریوں کا برا حال
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کے الیکٹرک کے نظام میں ایک بار پھر خرابی کے بعد شہر کے 30 فیصد علاقے کی بجلی چلی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ چار ہفتوں میں یہ آٹھواں بریک ڈائون ہے جو کہ 500 کلو واٹ کے سرکٹ میں ہوا۔ جمعرات کو جو علاقے زیادہ متاثر ہوئے ان میں گلستان جوہر‘ نارتھ ناظم آباد شامل ہیں جبکہ ماڈل کالونی‘ اولڈ سٹی ایریا‘ اولڈ گولیمار میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ اولڈ گولیمار کی بجلی روزانہ 7 گھنٹے جاتی ہے جبکہ بریک ڈائون بھی ہوتے رہے۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق لیاری کے علاقے کھارادر میں واقع مچھی میانی پر گزشتہ روز کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے کے الیکٹرک کے زیر زمین کیبلز کو نقصان پہنچا تھا جس کے باعث لیاری‘ اولڈ سٹی اور ویسٹ وہارف سے منسلک علاقوں میں عارضی تعطل دیکھا گیا اس تعطل کو مینج کرنے کیلئے کے الیکٹرک نے چند علاقوں میں مختصر اور عارضی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔