شمالی کوریا کا صدر ایٹمی ہتھیار رکھنے والا پاگل شخص ہے: ٹرمپ
واشنگٹن + ویٹی کن سٹی (صباح نیوز+ نیٹ نیوز) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے صدرکو ایٹمی ہتھیار رکھنے والا پاگل آدمی قرار دیدیا۔ امریکی میڈیا نے ٹرمپ کی گذشتہ ماہ فلپائنی صدر سے ہونیوالی گفتگو کا متن جاری کر دیا۔ امریکی صدر ڈونلد ٹرمپ نے فلپائنی صدر روڈ ریگو سے ٹیلی فونک گفتگو میں کہا ایٹمی ہتھیار رکھنے والے پاگل آدمی کو آزاد نہیں چھوڑا جاسکتا۔ ٹرمپ مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس سے ملاقات کے لئے ویٹی کن پہنچے۔ پوپ نے اس موقع پر کہا کہ ٹرمپ دنیا میں امن کیلئے کام کریں۔ ویٹی کن آمد پر پورا ٹرمپ خاندان سیاہ رنگ کے لباس میں ملبوس تھا جبکہ ٹرمپ کی اہلیہ اور ان کی صاحبزادی نے ویٹی کن کی روایت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے سر بھی جزوی طور پر ڈھانپ رکھے تھے۔ ڈونلڈ ٹرمپ اور پوپ فرانسس کے درمیان تحائف کا تبادلہ بھی ہوا۔ امریکی صدر کی اہم مشیر ہوپ ہکس نے بھی اس موقع پر سر پر سکارف لے رکھا تھا۔ میلانیا جو مذہبی اعتبار سے کیتھولک مسیحی ہیں انہوں نے اس موقع پر پوپ فرانسس سے درخواست کی کہ وہ انہیں روزیری مالا سے نوازیں اور ہکے پھلکے انداز میں کچھ باتیں بھی کیں۔ پوپ نے میلانیا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ہلکے انداز میں کہا ٹرمپ موٹے ہیں آپ کیا محسوس کرتی ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سعودی عرب کے دورے کے موقع پر مقامی رواج کے برعکس ٹرمپ کے ساتھ موجود کسی خاتون نے سر پر سکارف نہیں پہنا تھا۔