ایم کیو ایم جدت پسندی اور اپنے مقاصد پر کاربند جماعت ہے: عامر خان
کراچی (خصوصی رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان )کے سینئرڈپٹی کنوینر رمحمد عامر خان نے کہاہے کہ ایم کیو ایم نظم وضبط ،جدت پسندی وراپنے اغراض ومقاصدپرکاربند جماعت کانام ہے جس کے تمام شعبے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوںنے یہ بات ایم کیوایم کے سینٹرل انفارمیشن سیل ،سوشل میڈیا،شعبہ خبر، ویڈیو ،فوٹوگرافی ،مانیٹرنگ ودیگرشعبوںکے کارکنوںسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین فیصل سبزواری،سید امین الحق اور خواجہ اظہارالحسن نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔عامر خان نے کہاکہ جولوگ ایم کیوایم کوزوال پذیردیکھناچاہتے تھے ہمارے ساتھیوںکی صلاحیتیں دیکھ کر اندازہ لگا لیںکہ ایم کیوایم پاکستان ایک دریاہے اوراس کی موجیں ہمارے عوام ہیںجوکوئی بھی انقلاب برپاکرسکتی ہیں ۔رکن رابطہ کمیٹی فیصل سبزواری نے کہاکہ ایم کیوایم نے نامساعدحالات کے باوجود پاکستان کی روایتی سیاست کو بدلا ہے۔خواجہ اظہارالحسن نے کہاکہ کامیابی اورجیت کاشعار ہے کہ وہ مشکلات کوجھیل کراور نکھرتی ہے۔رابطہ کمیٹی وشعبہ اطلاعات کے انچارج سیدامین الحق نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان کے ہرشعبے کوہم ہرسیاسی جماعت سے زیادہ بہتر شعبہ تصور اور ثابت کرتے ہیں ۔ہمارے لامحدودجذبہ اوربغیرکسی لالچ کے کام کرنے والے کارکنان ہماراسرمایہ ہیںاس موقع پرشعبہ جات کومزیدمتحرک کرنے کے حوالے سے بھی فیصلے کئے گئے۔