حکومت آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف نہ دے سکی تو راستے الگ کر لیں گے: فاروق ستار

لاہور (وقت نیوز) قومی اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ اگر وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے خاطرخواہ انتظام نہ کر سکی تو ایم کیو ایم اپنا راستہ علیحدہ کر لے گی۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ روکنے کے لئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر فاروق ستار نے وقت نیوز کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر نے کہا کہ گذشتہ چھ دہائیوں سے یہی ٹوپی ڈرامہ چل رہا ہے لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کی آمدنی پر ٹیکس لگا کر قومی خزانے کو بھرا جائے اور اگر ایسا اگلے بجٹ میں نہیں ہوتا تو متحدہ ضرف قومی اور سیاسی نظام کو بچانے کے لئے سہارا نہیں دے گی۔ ایک سوال پر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مجید نظامی کی زیر سرپرستی نوائے وقت گروپ دن دگنی رات چگنی ترقی کر رہا ہے۔
لاہور (خبر نگار) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم متحد اور یکجان ہے اور اب پاکستان کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ متحدہ قومی موومنٹ اپنے قائد تحریک الطاف حسین کے فکر و فلسفے کے مطابق اس ملک میں ایسا نظام وضع کرے گی جس میں ہر شہری کو یکساں حقوق میسر ہونگے جس سکول میں امیر کا بچہ تعلیم حاصل کرے گا اس سکول میں غریب کا بچہ بھی تعلیم حاصل کرے گا۔ وہ متحدہ قومی موومنٹ لاہور زون و ڈسٹرکٹ کمیٹی کے زیر اہتمام چرڑ گاﺅں (واقع) ڈیفنس لاہور میں یونٹ آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس سے اراکین رابطہ کمیٹی افتخار اکبر رندھاوا، واسع جلیل، زونل انچارج سید شاہین انور گیلانی، متحدہ لائرز فورم کے انچارج مبین الدین قاضی ایڈووکیٹ، لاہور ڈسٹرکٹ کے انچارج میاں طاہر محمود سمیت اراکین زونل و ڈسٹرکٹ کمیٹی نے بھی خطاب کیا۔