’’مارچ میں کئی اہم تبدیلیاں ہونگی‘ شریف برادران بدستور آگے بڑھیں گے‘‘

لاہور (نیوز ڈیسک) سپریم کورٹ نے شریف برادران کو نااہل قرار دیا تو اس سے نوازشریف اور شہباز شریف کی سیاسی جدوجہد اور اہمیت کم نہیں ہو گی بلکہ وہ بدستور آگے بڑھتے رہیں گے۔ علم اعداد کے حوالے سے ماہنامہ روحانی آئینہ قسمت میں انتظار حسین شاہ اور غلام اکبر نے پیش گوئیاں کی ہیں کہ پاکستان اور مارچ کے دونوں عدد 3 کے زیر اثر ہیں اس لئے مارچ ہر سطح پر ایک بحران اور ہلچل کی نشاندہی کرتا ہے اور کئی اہم تبدیلیاں ظاہر ہو رہی ہیں۔ امریکہ کے مقابلے میں افغانستان کے زائچہ میں جنگ جو ستارے مریخ پلوٹو زیادہ طاقتور ہیں لہٰذا امریکہ جتنی فوج افغانستان بھیجے گا اس کا نقصان ہو گا۔ 15 نومبر 2011ء تا 2 نومبر 2014ء دونوں ممالک میں ایسا سیاسی فارمولہ بن جائے گا کہ جس سے امریکی فوج کا انخلا ہو جائے گا۔ امریکی صدر کے بارے میں کہا گیا ہے کہ انہیں جان کا خطرہ رہے گا اور ستمبر 2011ء امریکہ کے لئے دوبارہ کوئی صدمے کا باعث بنے گا اور صہیونی لابیاں امریکہ کو زوال پذیر کرنے کے لئے تیز ہو جائیں گی۔ اوباما بش کے برعکس امریکی معیشت اور عالمی جنگ میں امن کا نقشہ بدلنے کی پوری کوشش کریں گے‘ انسانیت کی بھلائی‘ عالمی امن کے لئے انہوں نے اپنے نعرہ ’’تبدیلی‘‘ کا عملی مظاہرہ کیا تو شاید ان کی زندگی بھی بچ رہے اور 4 سالہ اقتدار بھی بچا رہے‘ آگے مالک حقیقی بہتر جانتا ہے۔
پیش گوئیاں