دہشت گردی سے نبٹنے کیلئے مل کر کام کریں‘ تجارت کو بھی فروغ ملے گا: کلدیپ نیئر

لاہور (کامر س رپورٹر) بھارتی صحافی، سکالراور تیرہ رُکنی وفد کے سربراہ کلدیپ نیئر نے پاکستان اور بھارت کے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کریں تاکہ امن قائم ہو جس سے باہمی تجارت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔ وہ گذشتہ روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں مظفر علی، سینئر نائب صدر طاہر جاوید ملک، نائب صدر عرفان اقبال شیخ ،سابق صدر میاں شفقت علی اور سابق سینئر نائب صدر سہیل لاشاری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ وفد کے دیگر اراکین میں مہیش بھٹ، رمیش یادیو، کملا بھاسن، جتین ڈیسائی، سوامی اگنیویش، سندیپ پانڈے، کمال مترا چینوئے، سلمان حیدر، ڈاکٹر حنیف لکڈاوالا اور محمد ادریس تبسم شامل تھے جبکہ مس سیما اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی سربراہ عاصمہ جہانگیر بھی وفد کے ہمراہ تھیں۔کلدیپ نیر نے کہا کہ ممبئی حملوں کے بعد بھارتی لوگ اشتعال میں ہیں لیکن سول سوسائٹی کا ایک بڑا حصّہ پاکستان کے ساتھ پُرامن تعلقات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک ملک نہیں بلکہ پورے خطے کا سوال ہے جو دہشت گردی کی وجہ سے پریشان ہے۔
کلدیپ نیئر