رینٹل پاور پلانٹس کو بجلی کی فوری پیداوار یقینی بنانے کی ہدایت کر دی: ایم ڈی پیپکو

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان الیکٹرک پاور کمپنی (پیپکو) کے منیجنگ ڈائریکٹر طاہر بشارت چیمہ نے کہا ہے کہ رینٹل پاور پلانٹس کو تعمیراتی کام تیز کر کے بجلی کی فوری پیداوار یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کم سے کم وقت میں بجلی کے بحران پر قابو پایا جا سکے۔ رینٹل کے علاوہ جون سے پہلے بعض آئی پی پیز سے بھی بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا حکومت کی طرف سے منظور شدہ 8 رینٹل پاور پلانٹس میں سے پہلے یونٹ گلف پاور نے کام شروع کر دیا ہے جس سے بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا ایمن آباد میں نصب اس پلانٹ سے 62 میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی جسے گوجرانوالہ کے صنعتی علاقے کو فراہم کیا جائے گا۔ طویل لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے انہوں نے کہا یہ تاثر بالکل غلط ہے اس وقت شہری علاقوں میں چار گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں چھ گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔