ڈی جی سندھ بلڈنگ اتھارٹی منظور قادر فرار ہو کر کینیڈا پہنچ گیا، پہلے درزی تھا

اسلام آباد (آن لائن) سندھ بلڈنگ اتھارٹی کے مفرور ڈی جی منظور قادر کاکا کے بارے میں سنسنی انگیز انکشافات سامنے آئے ہیں، منظور قادر کاکا کو سابق وزیرداخلہ رحمان ملک نے بلیو پاسپورٹ جاری کیا۔ رینجرز کے چھاپے سے تین روز پہلے منظور قادر کاکا کو معلومات ملیں تھیں کہ رینجرز 48گھنٹوں میں چھاپے مارنے والی ہے یہ معلومات ملتے ہی منظور قادر کاکا کراچی سے ہوائی جہاز کے ذریعے اسلام آباد پہنچے اور یہاں سے کرائے کی کار پر گلگت بلتستان پہنچ گئے۔ منظور قادر کاکا نے یہاں سے اپنے بلیو پاسپورٹ کے ذریعے چین کے صوبے کاشغر میں قدم رکھا اور پھر کاشغر سے بیجنگ پہنچ کر فلائٹ لیکر ٹورنٹو پہنچ گئے اور اس وقت رینجرز، نیب اور ایف آئی اے کی پہنچ سے دور کینیڈا میں مقیم ہیں۔ یہ معلومات بھی ملی ہیں کہ منظور قادر کاکا نے کرپشن کے پیسے سے کینیڈا میں بھی جائیداد خرید رکھی ہے۔ علاوہ ازیں منظور قادر کاکا کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ بنیادی طور پر وہ کراٹے ماسٹر اور ٹیلر ماسٹر ہے جسے 1966ء میں محترمہ بے نظیر بھٹو کے سکیورٹی گارڈ کے طور پر بھرتی کیا گیا اور انکا انٹرویو موجودہ سپیکر سندھ اسمبلی سراج درانی نے کیا تھا۔ بعد ازاں انہیں سراج درانی کا پی اے مقرر کردیا گیا اور پھر سندھ بلڈنگ اتھارٹی میں منظور قادر کاکا ڈائریکٹر اور اس کے بعد ڈائریکٹر جنرل بنا دئیے گئے۔ گزشتہ سات برس سے منظور قادر کاکا اسی عہدے پر تھے اور انہیں آصف علی زرداری سمیت پی پی کے تمام بڑے لیڈروں کی سرپرستی حاصل تھی۔