مانانوالہ: موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے نوجوان قتل، ورثاء کا نعش سڑک پر رکھ کر مظاہرہ

مانانوالہ (نامہ نگار) مقدمہ بازی کی رنجش پر موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے نوجوان قتل، ورثاء کا نعش سڑک پر رکھ کر مظاہرہ، سڑک بلاک کر دی، تفصیل کے مطابق مانانوالہ کے محلہ ماڈل ٹاؤن کے محمد یوسف کا بیٹا محمد فاروق اپنے ساتھیوں عمران اور سرفرازکے ہمراہ محلے ہی میں ایک دکان پر بیٹھا تھا ملزمان بلال ، رضوان ، قدوس وغیرہ نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر فاروق شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس نے مقتول کے باپ محمد یوسف کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تاہم ملزمان کی عدم گرفتاری پر مقتول کے ورثاء نے سینکڑوں افراد کے ہمراہ میت لاری اڈا مانانوالہ پر سڑک کے درمیان رکھ کر شدید احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر لاہور فیصل آباد روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردی جس سے سڑک کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ بعد ازاں اے ایس پی زبیر اور ڈی ایس پی سرکل صفدرآباد راؤ آصف زمان کی نگرانی میں ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے لاٹھی چارج کرکے روڈ کھلوایا۔اس موقع پر پولیس نے احتجاج کرنے والے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا جن میں مقتول کے دو ماموں محمد احسان ، محمد تنویر اور بھائی مزمل عباس شامل ہیں۔