کوئٹہ: لیویز حوالدار سمیت 2 افراد قتل، 2 اہلکار زخمی

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان کے علاقے بسیمہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے لیویز حوالدر کو قتل جبکہ دو اہلکاروں کو زخمی کردیا۔ لیویز کا عملہ گشت کر رہا تھا بسیمہ کے علاقے میں نامعلو م مسلح افراد نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈرائیور حوالدار محمد عالم موقع پر جاں بحق جبکہ حوالدار نیاز علی اور سپاہی شکل خان شدید زخمی ہوگئے حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ علاوہ ازیں ایک شخص حاجی عمر اپنی گاڑی میں کوئٹہ کے علاقے سٹلائٹ ٹاﺅن میں سبی روڈ پر جا رہا تھا کہ چار نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کرنے کی کوشش کی مزاحمت کرنے پر فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ ادھر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں ہونیوالے خودکش حملے میں زخمی ہونیوالی طالبہ ایک ہفتہ زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد ہسپتال میں دم توڑ گئی۔ جاں بحق ہونے والی طالبات کی تعداد 13 ہو گئی۔ نیلم پرویز ایک ہفتہ تک موت سے لڑتی رہی۔ ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔