رکن پنجاب اسمبلی بلال اکبر کا دوست ایم پی اے ہاسٹل سے شراب سمیت گرفتار

لاہور (نامہ نگار) سپیشل برانچ پولیس نے ایم پی اے ہاسٹل میں شراب لے کر جانے والے مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے بلال اکبر بھٹی کے دوست کو گرفتار کرکے دو بوتلیں شراب برآمد کر لی ہے۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ قلعہ گجر سنگھ کے علاقہ میں ایم پی اے ہاسٹل میں مسلم لیگ (ن) کے وہاڑی سے ایم پی اے بلال اکبر بھٹی کا دوست رانا آصف اپنی کار میں ایک بیگ میں دو بوتلیں شراب ڈال کر لے جارہا تھا کہ ہاسٹل میں تعینات سپیشل برانچ کے اہلکاروں نے اسے روک کر کار کی تلاشی لی اور کار میں سے دو بوتلیں شراب برآمد ہونے پر رانا آصف کو گرفتار کرکے تھانہ قلعہ گجر سنگھ پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ پولیس نے سپیشل برانچ کے سب انسپکٹر قنبر کی مدعیت میں ملزم رانا آصف کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔