رنجش پر مخالفین نے نوجوان کو باپ کے سامنے قتل کردیا

لاہور (سٹاف رپورٹر) نولکھا میں دیرینہ رنجش پر 20سالہ نوجوان باپ کی آنکھوں کے سامنے گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔ فائرنگ کی آواز سنتے ہی اہل علاقہ نے ایک ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ دو بھاگنے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کا واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتار ی کےلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹائر مارکیٹ کے رہائشی شاہد کے بیٹے شہباز کا دیرینہ رنجش پر مراد وغیرہ سے جھگڑا چل رہا تھا گذشتہ رات باپ بیٹا ٹائر مارکیٹ کے باہر سڑک کنارے بیٹھے تھے کہ مراد کے قریبی عزیز عقیل اور اس کے دو ساتھیوں نے ان پر فائرنگ کر دی جس سے شہباز گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا فائرنگ کی آواز سنتے ہی اہل علاقہ موقع پر پہنچ گئے انہوں نے ملزم عقیل کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے دیگر ملزمان کی گرفتاری کےلئے چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔