پنجاب کے کئی شہر شدید دھند میں گم‘ گاڑیاں ٹکراتی رہیں‘ 12 افراد جاں بحق

لاہور (خبرنگار خصوصی + نمائندگان) پنجاب کے کئی شہر گذشتہ رات شدید دھند مےں گم ہوگئے سخت سردی اور دھند نے روزمرہ زندگی جام کر کے رکھ دی، دھند کے باعث ٹریفک حادثات مےں 12 افراد جاں بحق اور50 سے زائد شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت مےں رات 11 بجے شدید دھند چھا گئی، شہر مےں بھی چند فٹ کے فاصلے پر کچھ دکھائی نہ دے رہا تھا جبکہ شہر سے باہر تو سفر کرنا تقریباً ناممکن ہوگیا تھا، دھند کے باعث کئی مقامات پر گاڑیاں، موٹر سائیکلیں آپس مےں فٹ پاتھ اور درختوں سے ٹکرا گئیں جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے، شدید سردی کے باعث شہری گھروں مےں دبکے رہے۔ دھند کا زور ہفتہ کی دوپہر 12 بجے تک جا کر ختم ہوا۔ ادھر لاہور ائرپورٹ پر دھند کے باعث پروازوں کی گھنٹوں تاخیر سے آمدورفت جاری ہے جس سے مسافروں اور انکے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ لاہور ریلوے سٹیشن پر ٹرینوں کی آمدورفت پر بھی دھند کا بہت اثر پڑا۔ دریں اثناءپھولنگر سے نامہ نگار کے مطابق دھند کے دوران پرناواں پل اور بائی پاس پر کئی گاڑیاں آپس مےں ٹکرا گئیں حادثات مےں 6 افراد غلام مصطفی، غلام مرتضیٰ، عرفان بلوچ، غلام صابر اور دیگر نامعلوم جاں بحق متعدد زخمی ہوگئے۔ سڑکوں پر ٹریفک کا نظام جام ہونے سے گاڑیوں کی میلوں لمبی لائنیں لگ گئیں جبکہ گاڑیوں مےں پھنسے مسافر سردی مےں ٹھٹھرتے رہے کئی زخمیوں کو نازک حالت پر لاہور منتقل کر دیا گیا ادھر رینالہ خورد سے نامہ نگار کے مطابق شیرگڑھ روڈ کراسنگ پر ویگن ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی جس سے ورچوئل یونیورسٹی کا طالب علم ہارون آباد کا رہائشی علی شدید زخمی ہوگیا اسے ساتھی طالب علموں نے ہسپتال لےجانے کےلئے موٹر سائیکل رکشے پر سوار کرایا اس دوران ایک ٹرالہ ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا کر موٹر سائیکل رکشہ پر الٹ گیا جس سے زخمی طالب علم علی جاں بحق ہوگیا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق چئیانہ کے نواحی چک 339 گ ب رجووال کے قریب شدید دھند کے دوران موٹر سائیکل ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا جانے سے چک 343 گ ب جڑاہاں کا رہائشی نوجوان عدنان رفیق جاں بحق ہوگیا۔ چنیوٹ سے نامہ نگار کے مطابق بھوانہ مےں پنیسرا روڈ پر موٹر سائیکل ٹرالی سے ٹکرا جانے کے باعث موٹر سائیکل سوار یوسف اور اس کی بھتیجی بشریٰ جاں بحق جبکہ بشریٰ کی والدہ زخمی ہوگئی۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات مےں سول جج جڑانوالہ امین شہزاد سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے، دو کو لاہور ریفر کر دیا گیا۔ مریدکے سے آن لائن کے مطابق جی ٹی روڈ پر کھوڑی کے نزدیک دھند کے دوران مخبوط الحواس شخص گاڑی سے ٹکرا کر جاں بحق ہوگیا۔ کھڈیاں خاص سے نامہ نگار کے مطابق دھند کے دوران موٹر سائیکل ٹکرانے سے گدھا ریڑھی بان محمد سلطان سکنہ چاہ مالی والا جاں بحق ہوگیا متوفی 3 بچوں کا باپ تھا۔