امریکہ میں زلزلے کے شدید جھٹکے‘ عمارتیں لرز اٹھیں

واشنگٹن (وقت نیوز / ریڈیو مانیٹرنگ) امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں زلزلے سے عمارتیں لرز کر رہ گئیں۔ زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.00 درجے ریکارڈ کی گئی جس پر امریکی محکمہ دفاع کی عمارت پینٹاگون سمیت متعدد اہم عمارتیں خالی کرا لی گئیں۔ زلزلے کے جھٹکے نیویارک‘ اوہائیو میں بھی محسوس کئے گئے۔ واشنگٹن میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.00 درجے ریکارڈ کی گئی۔ امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق ورجینیا میں زلزلے کی شدت 5.8 درجے تھے۔ زلزلے سے عمارتیں جھولتی نظر آئیں‘ لوگ خوفزدہ ہو کر باہر نکل آئے‘ زلزلے کے جھٹکے ورجینیا سے بوسٹن تک ساحل سمندر کے ساتھ ساتھ پٹی میں محسوس کئے گئے۔ کینڈی ایئر بیس اور نیویارک ایئرپورٹ کے کنٹرول ٹاور زلزلے کے فوراً بعد خالی کرا لئے گئے۔ امریکی شہریوں کی بڑی تعداد خوفزدہ ہو کر سڑکوں پر نکل آئی۔ عمارتوں میں واپس جانے سے خوف محسوس کرتے رہے۔ زلزلے کا مرکز رچمنڈ ورجینیا میں تھا۔
امریکہ / زلزلہ