0عام انتخابات سے قبل واپس آجائوں گا : پرویز مشرف
کراچی (سٹاف رپورٹر) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر مملکت جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ میں عام انتخابات سے قبل پاکستان واپس آ جاؤں گا۔ ملک کو اس وقت تیسری سیاسی قوت کی ضرورت ہے۔ ہم پاکستان لوٹنے والوں ، چوروں اور لٹیروں کو ملکی سیاست سے نکال دیں گے اور عام انتخابات میں عوام کی طاقت سے ملک میں ایماندار قیادت آئے گی۔ ضلع وسطی میں جلسے کے علاوہ کراچی کے تمام علاقوں میں جلسوں کا انعقاد کیا جائیگا، پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ کراچی میں ہم نے سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا ہے۔ اے پی ایم ایل میں ایم کیو ایم، پی ایس پی، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے سے شامل ہونے کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اے پی ایم ایل سندھ ساؤتھ ریجن کے تحت زینت سکوائر ایف سی ایریا لیاقت آباد میں پارٹی کے ضلع وسطی کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم، پی ایس پی، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی، مسلم لیگ (فنکشنل) سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے ایک ہزار سے زائد کارکنوں نے اے پی ایم ایل میں شمولیت کا اعلان کیا۔