.دہشتگردی کیخلاف جنگ میں افغانستان کے ساتھ ہیں: ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد(صباح نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی لعنت کے خلاف لڑائی میں افغان حکومت کے ساتھ ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کے مطابق پاکستان کابل ملٹری اکیڈمی کے قریب دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور خوفناک حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کی تیزی سے صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں، دہشت گردی کی خلاف لڑائی میں افغان حکومت کے ساتھ ہیں جبکہ دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے ریاستوں میں قریبی تعاون کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز افغانستان میں فوجی اکیڈمی کے مرکزی دروازے کے قریب خودکش حملے سے 15 کیڈٹس ہلاک ہوگئے تھے۔