چکری مدینۃ العلوم اراضی کیس‘ ہائیکورٹ کے فیصلہ کیخلاف اپیل خارج
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ آف پاکستان نے چکری کے علاقہ میں جماعت اسلامی کے تحت چلنے والے تعلیمی ادارے ’’ مدینتہ العلوم ‘‘ کی8ہزار کنال اراضی کے معاملہ پر ہائیکورٹ ( صفحہ9بقیہ16)
کے فیصلہ کیخلاف اپیل خارج کردی ۔ اپیل ماتحت عدالت کے فیصلہ اور نیب کے خلاف دائر کی گئی تھی۔ چکری اراضی کیس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی تو وکیل مدینتہ العلوم وسیم سجاد نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیاکہ 8ہزار کینال زمین جماعت اسلامی کی جانب سے عجمی پرائیویٹ لمیٹڈ سے خریدی گئی جس پر نیب کے وکیل نے کہاکہ عجمی پرائیویٹ لمیٹڈ کا مالک فضل قدیر عجمی لوگوں سے کرڑوں کا فراڈ کرکے بھاگ گیا ہے۔وکیل مدینتہ العلوم نے کہاکہ سول جج فتح جھنگ نے زمین کے مالک فیاض کے قانونی وارثوں کے بیانات پر فیصلہ مدینتہ العلوم کے حق میں دیا ،نیب نے فضل قدیر عجمی کی وجہ سے سول جج کے پاس درخواست دی تھی اورسول جج نے نیب کی درخواست پر اپنا فیصلہ کالعدم قرار دیا۔انتظامیہ مدینتہ العلوم نے سول جج کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کی جو خارج ہوئی۔ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ نے بھی خارج کردی۔عدالتی حکم میں تبدیلی کرانے کی استدعا پر چیف جسٹس نے وسیم سجاد سے مکالمہ میں کہا کہ جب ایک بار عدالت آرڈر ڈکٹیٹ کر ادے تو تبدیلی کا نہیں کہتے۔جس پر وسیم سجاد نے کہاکہ میری تجویز تھی کہ درخواست خارج نہ کریں۔چیف جسٹس نے کہاکہ آپ نے تین بار تجویز دی،ہم نے سن لی فیصلہ ہم نے دینا ہے۔اگر آپ جیسے سینئر وکیل اور بزرگ ایسا کرینگے تو نوجوان وکیل احتجاج کرینگے۔