بھائی ہمیشہ ہمارا خیال رکھتے‘ لگتا ہے سرپرائز دیتے ہوئے اچانک واپس آجائینگے: ہمشیرہ میجر عابد

لاہور (لیڈی رپورٹر) بھائی ہمارا بہت خیال رکھتے‘ ہماری تمام خواہشات ہر ممکن پوری کرنے کی کوشش کرتے ان کے ساتھ گزرے ہوئے تمام واقعات انمول ہیں۔ ان خیالات کا اظہار میجر عابد کی بہن قرۃ العین نے گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو کے دوران کیا۔ قرۃ العین نے مزید کہا کہ وہ عمر میں چھوٹے ہونے کے باوجود بھی ہماری بزرگوں کی طرف خبرگیری رکھتے۔ انتہائی خوش مزاج تھے۔ عزیز و اقارب کے ساتھ انتہائی حسن سلوک سے پیش آتے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ویسے تو خاص اطمینان ہے کہ میرا بھائی شہادت کے مرتبے پر فائز ہوا مگر یوں لگتا ہے جیسے وہ سرپرائز دیتے ہوئے واپس آجائے گا۔ انہوں نے بتایاکہ عابد کو پتنگ بازی کا بہت شوق تھا مگر امی منع کرتیں وہ انہیں چھت پر آتا دیکھ کر پتنگ چھوڑ دیتے اور ظاہر کرتے کہ وہ آسمان پراڑنے والی پتنگوں کو صرف دیکھ کر انجوائے کررہے ہیں۔
ہمشیرہ میجر عابد