جیل بھرو تحریک شروع ہونے پر کارکنوں کو دور دراز جیلوں میں بھیجا جائیگا
لاہور (میاں علی افضل سے)تحفظ ختم نبوت کانفرنس میں تحریک لبیک یا رسول ؐکے رہنما آصف اشرف جلالی کی جانب سے جیل بھرو تحریک کے اعلان کے بعد جیل بھرو تحریک شروع ہونے پر کیمپ جیل ، سنٹرل جیل لاہور سمیت 27جیلوں میں گنجائش سے بہت زیادہ قیدی موجود ہونے کیوجہ سے ان کارکنوں کو بھکر، ڈیرہ غازی خان، ملتان،رحیم یار خان ،لیہ سمیت دور دراز کی جیلوں میں منتقل کیا جائے گا۔ گنجائش زیادہ ہونے کیوجہ سے مزید افراد کو ان جیلوں میں نہیں رکھا جا سکتا جبکہ جیل مینوئل کے مطابق گرفتاریاں دینے والے تمام افراد کو ہفتے میں 5روز کھانے میں چکن دیا جائے گا۔ پنجاب میں موجود 40جیلو ں میں سے 13میں گنجائش سے کم قیدی موجود ہیں جبکہ 27جیلوں میں گنجائش سے بہت زیادہ قیدی موجود ہیں جس کی وجہ سے ان جیلوں میں مزید افراد کو نہیں رکھا جا سکتا۔ سکیورٹی رسک سے بچنے کے لئے ان افراد کو دوسری جیلوں میں منتقل کیا جائے گا۔ کیمپ جیل ،سنٹرل جیل لاہور ،قصور ، شیخوپورہ ‘ سیالکوٹ ،ساہیوال ،راولپنڈی ، اٹک ،گجرات ، جہلم ،منڈی بہائوالدین اور سن جیل چکوال و دیگر جیلیں شامل ہیں۔جن جیلوں میں گنجائش سے کم قیدی موجود ہیں ان جیلوں میں ڈسٹرکٹ جیل حافظ آباد، ڈسٹرکٹ جیل نارووال ،ہائی سکیورٹی جیل ساہیوال ،فیصل آباد جیل، ڈسٹرکٹ جیل بھکر ،بہاولپور جیل ، ڈیرہ غازی خان جیل، ڈسٹرکٹ جیل راجن پور،ڈسٹرکٹ جیل وہاڑی ،ڈسٹرکٹ جیل لیہ ،سب جیل شجاع آباد اور ویمن جیل ملتان شامل ہیں۔