مقبوضہ کشمیر: کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کا چھاتہ برداروں کی مدد سے آپریشن

بانڈی پورہ (آئی این پی+ کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر کے گریز سیکٹر میں 12 مجاہدین کی شہادت کے بعد فوج نے مجاہدین کی تلاش میں چھاتہ برداروں کی مدد سے وسیع آپریشن شروع کر دیا ہے۔ کنٹرول لائن کے تمام سیکٹروں میں تعینات فورسز کو ہنگامی بنیادوں پر چوکنا کر دیا گیا ہے۔ ادھر پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں ننگی ٹیکری کے مقام پر فوجی معمول کی گشت کر رہے تھے کہ اس دوران ایک اہلکار کا پیر فوج کی طرف سے ہی زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ کے ساتھ ٹکرایا جس کے نتیجے میں زوردار دھماکہ ہوا۔ اس واقعہ میں رام کشور نامی اہلکار بری طرح زخمی ہوا جبکہ اسکے دیگر ساتھی بچ گئے۔ دوسری جانب بیج بہاڑہ میں گذشتہ برس فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے نوجوان کی برسی پر ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پر دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے جبکہ سکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں درس و تدریس ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ نذیر احمد کی پہلی برسی کے موقع پر ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے پیش نظر فوج کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔
مقبوضہ کشمیر