پاک فوج دنیا میں سب سے زیادہ بہادر‘ جفاکش قرار

لندن (سٹاف رپورٹر + اے این این + ثناءنیوز) پاک فوج نے امریکہ‘ بھارت‘ برطانیہ سمیت مختلف ممالک کی افواج کو پچھاڑ کر دنیا کی بہادر‘ محنتی اور جفاکش فوج ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ برطانیہ کی سالانہ مشقوں کیمبرین پٹرول 2010ءمیں امریکہ‘ بھارت‘ برطانیہ‘ کینیڈا‘ فرانس‘ جرمنی‘ اٹلی اور آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک کی 8 رکنی 86 فوجی ٹیموں نے حصہ لیا تاہم گولڈ میڈل پاک فوج کے سینے پر سجا۔ یہ دنیا کی مشکل ترین مشقیں ہیں جن میں فوجیوں کو ٹھنڈے پانی‘ صحرا‘ جنگل‘ پہاڑ سے گزرنا ہوتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان 3 روزہ مقابلوں میں ہر ٹیم کو دشمن کے علاقے میں داخل ہو کر مختلف رکاوٹیں عبور کرکے اور مختلف امور سرانجام دیکر ٹاسک مکمل کرنا اور واپس آنا ہوتا ہے۔ پاکستان کی طرف سے راولپنڈی کور کی ٹےم نے ان مشقوں میں حصہ لیا‘ پاک فوج کی فاتح ٹیم گزشتہ روز وطن واپس لوٹی ہے۔ راولپنڈی کور کے کمانڈر اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ ایولیوشن نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی ہے۔ ٹیم مینجر نے بتایا کہ اس عالمی مقابلے میں حصہ لینے والے تمام ممالک کی ٹیموں نے پاک فوج کی تربیت کوسراہتے ہوئے اس کے معیار کو بہترین قراردیا ہے۔