.پیپلزپارٹی ایک خاندان کی طرح‘ مقصد غریبوں کی دادرسی ہے: بلاول بھٹو
ہالہ‘ کراچی(نامہ نگار+آئی این پی+آن لائن) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ عوام کو سہولیات فراہم کرنا ریاست کا اولین فرض ہے۔ پیپلزپارٹی نے نوجوانوں کو صحت،تعلیم اور روزگار فراہم کیا۔ سندھ میں100 ارب روپے سے زائد کے بجٹ سے انقلابی اقدامات کیے ہیں، پیپلزپارٹی ایک خاندان کی طرح ہے، جس کا مقصد غریبوں کی داد رسی کرنا ہے۔ مخدوم امین فہیم سے پیپلزپارٹی کا رشتہ اب بھی قائم ہے۔پیر کو مخدوم امین فہیم کی برسی سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مفت اور معیاری تعلیم عوام کا بنیادی حق ہے، پیپلزپارٹی نے نوجوانوں کو روزگار ، تعلیم ، صحت دینے پر اہمیت دی ، سندھ میں100ارب سے زائد کے بجٹ سے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔ چھوٹے شہروںمیں بھی ہسپتال اور سکول تعمیر کیے جائیں گے۔ عوام کو سہولتیں فراہم کرنا ریاست کا اولین فرض ہے۔ کالج ،ہسپتال ایسے شخص کے نام پرہے جو اپنی ذات میں انجمن تھے۔ انہوں نے کہاکہ مخدوم امین فہیم ایک فقیر منش انسان تھا۔ پیپلزپارٹی خاندان کی طرح ہے، جس کا مقصد غریبوں کی داد رسی ہے، پاکستان کو ترقی پسند ملک بنائیں گے۔دریں اثناء بلاول بھٹو نے عالمی یوم اطفال کے موقع پر سماجی رابطے کے ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ہمارے ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ بچے ہیں ریاست والدین اور بچوں کو تحفظ فراہم کرنے سمیت آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے سندھ واحد صوبہ ہے جہاں پر انٹرمیڈیٹ تک مفت تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ انقلابی اقدامات کے ذریعے بچوں کا تحفظ کیا پولیو اور دیگر بیماریوں سے حفاظتی ویکسنیشن کی شروعات کی گئی ۔