.کوئی راستہ بند کرسکتا نہ دھمکی دیکر آنے جانے سے روک سکتا ہے: ریحام خان
لکی مروت(این این آئی) ریحام فائونڈیشن کی سربراہ اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ ان پر سرکٹ ہائوس کے دروازے بند کرنے والے جان لیں کہ خیبر پی کے کے عوام نے ان کیلئے اپنے گھروں کے دروزے کھول دیئے ہیں کوئی میرے لئے راستہ بند کرسکتا ہے نہ دھمکی دے کر کہیں آنے جانے سے روک سکتا ہے کیونکہ میں پختون ہوں اور پختون صرف اللہ تعالیٰ کے سامنے سر جھکاتے ہیں وہ کسی سے نہیں ڈرتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دوسرے مروت سپورٹس گالاکی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ ریحام خان نے کہا کہ کوئی فون یا ٹیکسٹ میسج پر ان کی آواز نہیں دبا سکتا، وہ خیبر پی کے میں ڈیرہ، لکی، تورغر، چترال یا جہاں بھی جائیں گی، عوام کے جائز حقوق کیلئے آواز اٹھائیں گی وہ اچھی طرح جانتی ہیں کہ پچھلے چار سال سے یہاں کیا ہورہا ہے صحافی خطرے سے دوچار ہیں وزراء کے خلاف لکھنے والوں پر قاتلانہ حملے ہورہے ہیں پختون بار بار دھوکہ نہیں کھاتے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ یہاں پانی نہیں، سیمنٹ فیکٹری و صنعتیں ہونے کے باوجود روزگار نہیں، سی پیک کے ثمرات سے یہ علاقہ محروم ہے۔ ریحام خان نے کہا کہ صوبے کے دیگر حصوں کی طرح ریحام فائونڈیشن لکی مروت میں بھی مردوں اور خواتین کیلئے کمپیوٹر ایجوکیشن اور ہیلتھ سینٹر قائم کریگا۔