کراچی سے 15افراد کی گمشدگی، صوبائی حکومت، سکیورٹی اداروں کے سربراہوں کو نوٹس
کراچی (وقائع نگار)سندھ ہائیکورٹ نے چند روز میں 15افراد کے لاپتہ ہونے پر صوبائی حکومت، سیکورٹی اداروں کے سربراہوں کو20دسمبرتک نوٹس جاری کرتے ہوئے لاپتہ شہریوں کو بازیاب کراکر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیاہے۔کراچی میں چند روز میں پندرہ سے زائد شہری لاپتہ ہوگئے ہیں اور ان لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیاہے۔ درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا کہ لاپتہ شہریوں کو پولیس، سادہ لباس اہلکار اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حراست میں لیا، عدالت سے استدعا ہے کہ انہیں بازیاب کرایا جائے۔ لاپتہ شہریوں میں فیضان خان، انوار، معراج الدین، احسان، عرفان علی اور دیگر شامل ہیں۔