امریکہ : بیوی کے ہاتھوں شوہر کے قتل پر ’طوطے، کی گواہی
واشنگٹن (بی بی سی ڈاٹ کام) امریکی ریاست مشی گن میں ایک شخص کے قتل کے مقدمے میں یہ امر سامنے آیا ہے کہ ان کی اہلیہ نے مقتول کو پانچ بار گولی ماری اور اس واقعے کو بظاہر ایک طوطے نے دیکھا تھا۔ گلینہ ڈورم نے اپنے شوہر مارٹن کو سنہ 2015 میں اپنے پالتو طوطے کے سامنے گولی ماری تھی۔ اس سے قبل انھوں نے اسی گن سے خودکشی کی ناکام کوشش بھی کی تھی۔ مارٹن کی سابقہ بیوی کے مطابق طوطے نے مقتول کی آواز میں یہ نقل کرتے ہوئے کہا ’ڈونٹ شوٹ‘ یعنی گولی مت چلاؤ۔ طوطے کا نام بڈ ہے جو افریقی نسل سے تعلق رکھتا ہے اور اس کو عدالتی کارروائی میں شامل نہیں کیا گیا۔ عدالت نے عدالتی کارروائی کے پہلے دن 49 سالہ گلینہ ڈورم کو فرسٹ ڈگری کیس میں مجرم قرار دیا ہے۔ انھیں اگلے ماہ سزا دی جائے گی۔