بطور پاکستانی تذلیل نہیں کرا سکتا : ایس ایم ظفر کا امریکہ نہ جانے کا اعلان

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ق) کے سینیٹر ایس ایم ظفر نے امریکہ کی نئی امیگریشن پالیسی کے خلاف بطور احتجاج امریکہ نہ جانے کا اعلان کر دیا ہے۔ بدھ کو نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ ان کا پسندیدہ ملک ہے‘ وہ بارہا امریکہ گئے ہیں‘ امریکہ میں ان کے دوستوں کی بہت بڑی تعداد موجود ہے لیکن جب سے امریکہ نے پاکستانیوں کے بارے میں تضحیک آمیز امیگریشن پالیسی بنائی ہے اس کے بعد ان کے لئے امریکہ جانا ممکن نہیں‘ انہیں یہ فیصلہ اس لئے کرنا پڑا کہ ایک غیرت مند پاکستانی کی حیثیت سے اپنی تذلیل نہیں کرا سکتے۔