پاکستان کے ساتھ فوجی سفارتی روابط مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے :امریکی جنرل
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) امریکہ کے کمانڈر سینٹرل کمانڈ (سینٹ کوم) جنرل جوزف ووٹیل نے دورہ پاکستان کے بعد اپنے الوداعی نوٹ میں کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان فوجی و سفارتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق امریکی جنرل نے اپنے اس دورے میں پاکستان کے ساتھ روابط کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا اور دوطرفہ بات چیت کے حوالے سے اسلام آباد کے عزم کو خوش آئند قرار دیا۔ کمانڈر سینٹرل کمانڈ کو شمالی وزیرستان کا دورہ بھی کرایا گیا جسے امریکا کی جانب سے حقانی نیٹ ورک کی محفوظ پناہ گاہ تصور کیا جاتا تھا۔ اپنے دورے کے اختتام پر کمانڈر سینٹ کام جنرل جوزف ووٹیل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’پاکستان کے ساتھ مزید بہتر سفارتی اور فوجی رابطہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ہم (پاکستان کی) مہمان نوازی کو سراہتے ہیں اور (پاکستان کے ساتھ) ایک ایماندار اور شفاف تعلقات کو جاری رکھنے کے خواہاں ہیں۔ جنرل جوزف نے اپنے دورہ کے بعد الوداعی نوٹ میں کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین ہمسایہ ممالک کے خلاف دہشت گردی کے لئے استعمال نہ ہونے دے۔