سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عمل درآمد کیا جائیگا: چیئرمین نیب
اسلام آباد(نامہ نگار)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے، نیب میں ترقی اور تعیناتی صرف اور صرف میرٹ، سینارٹی، پرفارمنس اور قانون کے مطابق کی جائے گی۔ صوبوں کے کوتہ پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور کسی صوبہ سے نا انصافی نہیں ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے نیب کے شعبہ ہیومن ریسورس (ایچ آر ایم) کی کارکردگی کا نیب ہیڈ کوارٹرز میں جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نا اہل اور بدعنوان افسران /اہلکاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی، محنتی، دیانتدار، قابل اور فرض شناس افسروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افسران/اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ نیب پر پوری قوم کی نگاہیں ہیں نیب قوم کی توقعات پر پورا اترنے کےلئے اور ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کےلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلہ کی روشنی میں ہمیشہ اُردو میں خطاب کروں گا اور قومی زبان اُردو کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔
چیئرمین نیب