چینی دبائو سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت کنٹرول لائن پر جھڑپیں شروع کر سکتا ہے: ذرائع
اسلام آباد( سہیل عبدالناصر)خدشہ ہے کہ سکم اور بھوٹان کی سرحد پر چین کے فوجی دبائو سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے بھارت کنٹرول لائن پر بڑی جھڑپیں شروع کر سکتا ہے۔ کنٹرول لائن پر بھارت کی طرف سے جنگ بندی معاہدہ کی مسلسل کئی روز سے خلاف ورزیوں اور پاکستان کی فوجی چوکیوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے اقدام پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک اہم ذریعہ نے کہا کہ بھوٹان اور چین کے سرحدی علاقہ ڈوکلان میں بھارتی فوج کی غیر ضروری مداخلت پر چین کے سخت ردعمل نے بھارت کے مرد آہن نریندرا مودی کو سراسیمہ کر دیا ہے۔ وہ چین کے دبائو پر ڈوکلان سے فوجی واپس بلاتے ہیں تب بھی سبکی ہوتی ہے اور چین کے ساتھ جھڑپ کی صورت میں مار پڑنے کا اندیشہ ہے۔ اس صورتحال سے بھارتی عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے خدشہ ہے کہ بھارت کنٹرول لائن پر کسی بڑی جھڑپ کا آغاز کر سکتا ہے جس کے سدباب کیلئے پاکستان پوری طرح تیار ہے۔ یہ امکان بھی ہو سکتا ہے کہ چین کی فوجی کارروائی کی صورت میں کنٹرول لائن پر جھڑپوں کے ذریعہ بھارت عالمی سطح پر واویلا شروع کر دے کہ اسے بیک وقت چین اور پاکستان کا سامنا ہے۔