بجلی کی ڈیمانڈ بڑھنے سے شہروں میں 8، دیہات میں 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ
لاہور (کامرس رپورٹر) ملک میں بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ کے باعث شارٹ فال بڑھ گیا جس سے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کر دیا گیا۔ ایک بار پھر غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں حبس کی شدت بڑھنے سے بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوا ہے۔ شارٹ فال بڑھنے کے باعث لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں دو گھنٹے تک کا اضافہ کیا گیا۔ بجلی کا مجموعی شارٹ فال بڑھ کر چھ ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ گزشتہ روز بڑے شہروں میں آٹھ گھنٹے اور چھوٹے شہروں میں دس گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں بارہ سے بھی زائد گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی گئی۔ دوسری جانب جن علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا ان میں بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوا اور بارش کے باعث درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے تاہم بارش رکنے کے بعد بحالی کا کام فوری طور پر شروع کیا گیا۔ دریں اثناء وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پورے ملک میں کہیں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، ملک میں بجلی کی پیداوار 17ہزار 719 میگاواٹ اور طلب 21ہزار 883 میگاواٹ ہے۔ بدھ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں بجلی کا شارٹ فال 3383 میگاواٹ ہے۔ خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ ملک میں دستیاب بجلی کی پیداوار 18 ہزار 500میگاواٹ ہے۔