کراچی : دو سگے بھائیوں سمیت مزید 10 افراد قتل‘ دو طالبان جنگجو گرفتار

کراچی (کرائم رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں تشدد کے واقعات میں دو سگے بھائیوں سمیت 10 افراد کو قتل کر دیا گیا جبکہ بال بم کے دھماکے سے ایک بچہ زخمی ہو گیا۔ اکبر روڈ سے 3 افراد کی ہاتھ پاﺅں بندھی لاشیں ملیں۔ شکیل نوید اختر سگے بھائی جبکہ تیسرا ندیم ان کا تایا زاد بھائی تھا عثمان آباد کے عبدالخالق کو بھی اغوا کے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا جس کی بوری بند لاش پاک کالونی سے ملی۔ اورنگی ٹاﺅن میں نامعلوم افراد نے تفسیر کو تشدد کرکے ہلاک کر دیا۔ سرجانی ٹاﺅن میں سہیل کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا گیا جبکہ بلدیہ ٹاﺅن میں دو نوجوانوں کی لاشیں ملیں جنہیں تشدد اور فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔ حنیف کو مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا جبکہ گلشن معمار کے علاقے فقیرا گوٹھ میں گلی میں پڑے ہوئے بال بم سے پھینکنے والا بچہ 12 سالہ گل نادرن دھماکے سے زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز نے چھاپہ مارا اس دوران فائرنگ سے لیاری گینگ وار کا ملزم فرید ٹنڈا جاں بحق ہو گیا۔ علاوہ ازیں کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری ہیں، رینجرز نے یارگٹڈ آپریشن کرکے شہر کے مختلف علاقوں سے کالعدم تحریک طالبان کے 2 دہشت گردوں سمیت 50 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔ سہراب گوٹھ اور سپر ہائی وے سے متصل نیو سبزی منڈی کے قریب جمعہ کی صبح رینجرز نے ناکے لگا دئیے اور گاڑیوں کی تلاشی لی اس دوران رینجرز نے کئی بسوں سے مسافروں کواتار کر ان کی اور سامان کی چیکنگ کی۔ مشتبہ افراد سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔دریں اثناءیو پی موڑ کے قریب نامعلوم افراد نے سیاسی جماعت کے دفتر کو آگ لگا دی۔

کراچی