پاکستان میں دہشت گردی پروان چڑھانے کیلئے امریکہ بھارت بے پناہ سرمایہ خرچ کر رہے ہیں: حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعةالدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکہ اور بھارت وطن عزیز پاکستان میں دہشت گردی پروان چڑھانے کیلئے بے پناہ سرمایہ خرچ کر رہے ہیں، دین اسلام کو بدنام کرنے کیلئے مسلمانوں کے خلاف جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے، زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔جماعةالدعوة متاثرین زلزلہ کے معمولات زندگی بحال ہونے تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھے گی۔ کوئٹہ، کراچی اور دیگر شہروں سے بڑی تعداد میں خیمے، ادویات ، خشک راشن اور دیگر اشیاءبھجوائی گئی ہیں۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران انہوںنے کہاکہ چند دن قبل آنے والے ہولناک زلزلہ سے پاکستان ‘ ایران کے سرحدی علاقہ ماشکیل میں شدید تباہی ہوئی ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگ مکانات کی تباہی سے بے گھر ہوئے ہیں۔ جن کے گھر گرنے سے بچ گئے ہیں وہ بھی اس قابل نہیں رہے کہ وہاں رہائش رکھی جاسکے اس لئے انہیں دوبارہ تعمیر کرنا پڑے گا۔ جماعةالدعوة جس نے بلوچ بھائیوں کی محرومیاں دور کرنے کیلئے پہلے سے کئی ریلیف پروجیکٹ شروع کر رکھے ہیں، وہاں ہمارے رضاکار زلزلہ زدہ علاقوں میں بھی بھرپور امدادی سرگرمیاںجاری رکھے ہوئے ہیں اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ قوم کو چاہیے کہ وہ مصائب میں گھرے اپنے ان بھائیوں کی مدد کیلئے بھرپور کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم ملکوں میں چلنے والے نظام اور قانونی ڈھانچے غلامی کے دور کی یادگاریں ہیں۔ اسلام کو مسلمانوں نے صرف مسجد تک محدود کر رکھا ہے۔ اللہ کے نبی نے نماز، روزہ، حج اور زکوٰة کی طرح اسلامی سیاست بھی سکھائی ہے اور باطل نظاموں و ڈھانچوں کا خاتمہ کر تے ہوئے اسلامی حکومت قائم کر کے عملی طور پر سیاست کر کے دکھائی ہے۔ آج اگر ہم یہ بات تسلیم کر تے ہیں کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور سیرت رسول ﷺ پر عمل کرنے میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ممکن ہے تو پھریہ دوعملی اوردورنگی چھوڑنا پڑے گی۔ انہوں نے کہاکہ اسلام میں حکومت کا تصور یہ ہے کہ جس شخص کو اللہ تعالیٰ اقتدار کی نعمت سے نوازے ‘اس کی سوچ و فکر اور عقیدہ یہ ہو کہ زمین و آسمان کا مالک اور خالق اللہ تعالیٰ ہے اس لئے اس زمین پر حکم بھی اسی کا چلے گا اور اللہ کے علاوہ کسی کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ اپنے نظام و قوانین بنائے اور پھر لوگوں کو ان پر عملدرآمد پر مجبور کرے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ لوگ چاہتے ہیں کہ مسلم ملکوں میں اسلامی انقلاب آئے اور خطوں و علاقوں میں اللہ کے دین کی حکمرانی ہو لیکن یہ بات ہمیں یاد رکھنی چاہیے کہ صرف خواہشات سے ایسا ممکن نہیں ہے اور نہ ہی امریکہ ویورپ کے بنائے ہوئے نظاموں وقوانین پر عمل پیرا ہو کر ہم یہ مقاصد حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کیلئے ہمیں اسلامی عقیدہ کی روشنی میں اپنی بنیادوں کو درست کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کا فرض ہے کہ وہ مسلم ملکوں سے فحاشی و عریانی کو ختم کریں مگر مغرب کی خوشنودی کیلئے وہ خود سرکاری سرپرستی میں بے حیائی پھیلانے میں مصروف ہیں۔
حافظ سعید