انٹرمیڈیٹ امتحان، ری چیکنگ پر طالب علم دوسری پوزیشن پر آ گیا


لاہور (اپنے نمائندے سے) انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2012ءمیں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طالب علم حیدر اقبال رول نمبر 549268 نے 954 نمبر حاصل کر کے دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔ امیدوار نے اپنے نمبروں کی پڑتال کے سلسلہ میں درخواست دی جس پر معلوم ہوا کہ جوابی کاپی کے اندر 98 نمبر درج تھے جبکہ ایوارڈ 88 نمبروں کی بنائی گئی۔ اس طرح امیدوار کے کل نمبر 944 سے بڑھ کر 954 ہو گئے اور جنرل سائنس گروپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے امیدوار نعیم الرحمن کے ساتھ مشترکہ پوزیشن کے حقدار ٹھہرے۔ امیدوار کو میڈیا کے سامنے کیش پرائز، میڈل اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔ علاوہ ازیں چیئرمین لاہور بورڈ نے غفلت برتنے پر چیف سیکریسی آفیسر محمد طارق کو فوری طور پر برطرف کر دیا جبکہ ری چیکنگ کمیٹی کے ممبر عبدالغنی، ریٹائرڈ پروفیسر اور ماجد عمر گل اسسٹنٹ پروفیسر اسلامیہ کالج ریلوے روڈ کو بورڈ فرائض کے لئے ہمیشہ کے لئے نااہل قرار دے دیا اور معاملے کی مزید چھان بین کے لئے بورڈ ممبران پروفیسر فقیر محمد کیفی، پرنسپل شاہ حسین کالج لاہور اور محمد اقبال ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے کر فوری رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے۔