شمائلہ رانا نے تاحال پارٹی کو استعفیٰ کے حوالے سے حتمی جواب نہیں دیا

لاہور (خبرنگار خصوصی) کریڈٹ کارڈ چوری کے مبینہ سکینڈل میں ملوث مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی شمائلہ رانا نے دو روز گزر جانے کے باوجود پارٹی کو اپنے استعفیٰ کے حوالہ سے حتمی جواب نہیں دیا جس پر پارٹی کی صوبائی قیادت نے سرکردہ قیادت کو اس امر سے آگاہ کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ پارٹی قیادت کی جانب سے صوبائی سیکرٹری راجہ اشفاق سرور اور سینیٹر پرویز رشید نے اس ضمن میں تحقیقات کرتے ہوئے شمائلہ رانا سے استعفیٰ طلب کیا تھا مگر انہوں نے صفائی پیش کرنے کیلئے دو روز طلب کئے تھے۔ پارٹی کے ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ استعفیٰ میں تاخیر خود ان سے زیادہ جماعت اور پنجاب کی حکومت کی پوزیشن پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ لہٰذا اب پارٹی ازخود انکے 24گھنٹے میں فیصلہ کرے گی۔ مذکورہ ذرائع کے مطابق شمائلہ رانا ابھی تک صفائی پیش کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ پارٹی کا فیصلہ قانونی تقاضوں کے مطابق ہو گا اور پارٹی یا حکومت پر ان کی پریس کانفرنسز کا کوئی اثر قبول نہیں کرے گی۔