12-10 ہزار ووٹرز باہر کھڑے تھے زائد وقت نہیں دیا: رانا ثنا
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر قانون پنجاب اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے الزام لگایا ہے این اے 120 میں دس‘ بارہ ہزار ووٹرز باہر کھڑے تھے جن کو پولنگ بند ہونے کے بعد ووٹ ڈالنے کیلئے زائد وقت نہیں دیا گیا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سیکرٹری الیکشن کمشن نے رابطے پر کہا دیکھتے ہیں کرتے ہیں۔ ضمنی الیکشن میں کبھی 44امیدوار ہوئے ہیں؟ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو اغوا کرنے کے حوالے سے کہا قسمت خان کو تین دن پہلے اٹھایا گیا جبکہ ندیم وائیں کو رات اٹھایا اور شام 5 بجے چھوڑ دیا گیا۔ امجد نذیر بٹ دو دن سے غائب ہے۔ جن لوگوں کو اٹھایا گیا ان کے بارے میں بات آگے ہو گی۔ مولوی صاحب کو ہمارا نقصان کرنے کیلئے کھڑا کیا گیا ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہم محاذ آرائی کی طرف نہیں جاتے، ہم کچھ نہیں کر رہے‘ ہمارے ساتھ تو ہو رہا ہے۔ مسلم لیگ ن کے خلاف مہم محض اتفاق نہیں ہو سکتے۔ آئی این پی کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ احتساب کے نام پر ہمیں ٹارگٹ کیا گیا‘ عمران خان نے کہا ہے ایک طرف مسلم لیگ (ن) اور دوسری طرف سپریم کورٹ ہے اور ہم ہیں‘ عمران خان سپریم کورٹ سے ہمارا مقابلہ کرا رہے ہیں۔ خواتین کو پولنگ سٹیشن سے باہر نکالنے کی بات درست نہیں۔