’’آئی ایس آئی میں سویلین افسران کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ
اسلام آباد(اے این این ) حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کے سب سے اہم خفیہ ادارے انٹر سروسز انٹیلی جنس(آئی ایس آئی)میں اعلی عہدوں پر سویلین کے شیئر کو بڑھانے کا فیصلہ کرلیا۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارت دفاع کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر آئی ایس آئی میں سویلین کے سب سے بڑے عہدے ڈائریکٹر جنرل(ڈی جی)کی تعداد کو ایک سے بڑھا کر 4 تک کرنے کی تجویز کی منظوری دیدی۔پاکستانی خفیہ ایجنسی میں سویلین کا سب سے بڑا عہدہ ڈی جی کا ہوتا جو 21 گریڈ کا افسر جبکہ آرمی کے موجودہ میجر جنرل کے برابر ہوتا ہے۔پاکستان میں اب تک اس پوزیشن کیلئے صرف ایک ہی سویلین ڈی جی ہوا کرتا تھا۔اسکے علاوہ وزارتِ دفاع کی سمری میں ڈپٹی ڈائریکٹر جنرلز(ڈی ڈی جیز)کی تعداد بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی، تاہم وزیر اعظم نے یہ تعداد 8 سے بڑھا کر 15 کرنے کی منظوری دیدی۔وزارتِ دفاع کی سمری میں گریڈ 20 پر ایڈیشنل ڈی ڈی جیز کی 7 آسامیاں بنانے کی سفارشات پیش کی گئی تھیں۔وزیر اعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارتِ دفاع کی سفارشات کا بغور جائزہ لیا اور اسے خوش اسلوبی کے ساتھ منظور کیا‘تاہم سکیورٹی ایجنسی کے حکام نے اس نئی پیشرفت پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا، تاہم انہوں نے کہا کہ چونکہ آئی ایس آئی وزیر اعظم کے ماتحت کام کرتی ہے لہٰذا ادارے میں نئی آسامیاں بڑھانے کا فیصلہ ان کا ہے۔