امریکہ جان لے، پاکستانی قوم وطن کے دفاع کےلئے متحد ہے: الطاف

لندن (وقت نیوز + مانیٹرنگ ڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ بہت سی قوتیں متحدہ کو ختم کرنے کی سازش کر رہی ہیں۔ عائشہ ملک کو 10 روز سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا‘ قوم کی بیٹی کے لئے اکیلا چیخ رہا ہوں‘ ماں بیٹیوں کے حقوق کے لئے آواز اٹھاتا رہوں گا‘ متحدہ کے کارکن بھی خواتین کی عزت کریں۔ انہوں نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم عائشہ احد ملک کو انصاف دلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی شاتم رسول اپنا موازنہ نبی کریم سے کرے اس پر کروڑوں بار لعنت ہو‘ علما کرام کی ایمانی قوت کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ مفتی عثمان عباس کھیلی‘ علامہ اسد اور سراج الحق قادری نے حق ادا کر دیا۔ گستاخ رسول نے 2 دن پہلے کہا کہ اللہ نے اسے حکم دیا حالانکہ صرف نبیوں پر اللہ کا براہ راست حکم آتا ہے یا فرشتوں کے ذریعے۔ اس شاتم رسول کے پاس حکم کہاں سے آ گیا۔ علاوہ ازیں متحدہ کے وفد نے گذشتہ روز وزیراعظم یوسف گیلانی سے ملاقات کی‘ اس موقع پر سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جی این آئی کے مطابق متحدہ کے شعبہ خواتین سے خطاب کرتے ہوئے الطاف نے کہا کہ امریکہ جان لے، پاکستانی قوم وطن عزیز کے دفاع کےلئے متحد اور ایم کیو ایم ملک کے دفاع کےلئے مسلح افواج اور حکومت کے شانہ بشانہ ہر قربانی دینے کےلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف اندر سے سازش کی جا رہی ہے جس کے خلاف ہم جان کی پروا کئے بغیر عہد وفا نبھانے کےلئے تیار ہےں۔