افغان جنگ: 5 کھرب ڈالر،1700 جانیں گنوا کر امریکہ نے حاصل کچھ نہیں کیا: امریکی اخبار

واشنگٹن (این این آئی) امریکی اخبار مرکری نیوز نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ امریکہ اپنی تاریخ کی طویل ترین جنگ کے10برسوں میں پانچ کھرب ڈالر اور 1700امریکی جانیں گنوا کر جو حاصل نہیں کر پایا وہ فوجی قبضے سے بھی حاصل ہونے والا نہیں، اب وقت ہے کہ امریکہ افغانستان سے نکل آئے۔ اخبار کے مطابق صرف اِس سال امریکہ نے افغانستان میں 117 ارب ڈالر خرچ کئے ہیں۔ اخبار لکھتا ہے بش نے یہ جنگ ادھار پر شروع کی تھی اور امریکی عوام سے کچھ تقاضا نہ کیا بلکہ الٹا ٹیکسوں میں چھوٹ کی راہ اختیار کی جِس کا خمیازہ آج امریکی بھگت رہے ہیں۔ اخبار لکھتا ہے اگرچہ افغانستان سے نکلنا کوئی سادہ بات نہیں نہ ہی امریکہ افغان عوام کو یوں بے یارومددگار چھوڑنا چاہتا ہے مگر اب جب کہ فوج دہشت گردی کا خطرہ کم کر چکی، اسامہ بن لادن کو ہلاک کرچکی تو اسے وطن واپس آہی جانا چاہئے۔