کراچی: فائرنگ سے 3 جاں بحق، ایک کو زندہ جلا دیا گیا، آپریشن جاری، 32گرفتار

کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں فائرنگ اور دیگر واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک شخص کو زندہ جلا ڈالا گیا۔ سرچ آپریشن میں رینجرز اور پولیس نے مزید 3 ٹارگٹ کلرز سمیت 32 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے میں نامعلوم افراد نے قلندر خان کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا۔ سہراب گوٹھ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے ایک نوجوان کو فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا اور فرار ہو گئے جبکہ ملیر ندی سے بھی ایک شخص کی نعش ملی ہے۔ ریڈیو مانیٹرنگ کے مطابق ملیر میں ملزموں نے پہلے کامران سے موبائل فون اور رقم چھینی اور پھر آگ لگاکر فرار ہو گئے۔ کامران کو سعود آباد سے اغوا کرکے وہاں لایا گیا تھا۔ بلدیہ کے علاقے مواچھ گوٹھ، گرہ تاج کالونی لیاری، گارڈن ویسٹ، بہادر آباد، ناظم آباد اور لانڈھی میں گھروں کی تلاش دو سو سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ 32 افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ سی آئی ڈی پولیس کراچی کے انسداد دہشت گردی سیل کے دعوے کے مطابق تینوں گرفتار ملزمان نعیم خانزادہ، سہیل عرف احمد عرف لیاقت آباد اور محمد کاشف عرف شکیل برگر ٹارگٹ کلنگ کی 70سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
کراچی/ آپریشن