شکر گڑھ: ایم ایس سے جھگڑا،چیمبر میں بیٹھے ایم پی اے کے 2بیٹے گرفتار، ضمانت پر رہا
شکرگڑھ (نامہ نگار)ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھگڑے کا معاملہ،پولیس نے ایم پی اے کے بیٹوں کو وکیل کے چیمبر سے گرفتار کر لیا ،عدالت نے ضمانت منظور کرکے رہاکردیا۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے مولانا غیاث الدین کے تین بیٹوں کے خلاف تھانہ سٹی میں ایم ایس ٹی ایچ کیوہسپتال ڈاکٹر طارق سے بد سلوکی کے الزام میں مقدمہ درج تھا گزشتہ روزمحمد زید اور ریاض الدین اکرم جاویدایڈووکیٹ کے چیمبر میں ضمانت دائر کرنے کی غرض سے بیٹھے تھے کہ پولیس نے وکیل کے چیمبر سے دونوں کو گرفتار کرلیا۔ مذکورہ نوجوانوںکو پولیس کی طرف سے چیمبر سے گرفتار کرنے پر صدر بار شکرگڑھ چودھری امجد سلامت نے بار کی طرف سے ہڑتال کا اعلان کر دیا جس پر ایڈیشنل سیشن جج جناب خالد بشیر نے ڈی ایس پی سرکل کو طلب کرلیا،بعد ازاں علاقہ مجسٹریٹ خرم یعقوب نے ملزمان کی ضمانتیں منظور کرکے رہائی کا حکم دیدیا، ایڈیشنل سیشن جج جناب خالد بشیر نے مقدمہ میں نامزد غلام محی الدین کی بھی عبوری ضمانت منظور کر لی، عدالت نے وکیل کے چیمبر سے گرفتاری پرناپسندیدگی کا اظہار کیا ،دوسری طرف تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ڈاکٹروں اور دیگر عملہ نے واقعہ کے خلاف ایم ایس ڈاکٹر طارق کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کتبے اور بینر اٹھا کر احتجاج کیااور نعرے بازی کی۔
ایم پی اے/ بیٹے رہا