سنگین غداری سمیت کئی مقدمات کے ملزم باہر بیٹھے ہیں‘ وہاں بڑے بڑے کام ہو رہے ہیں: سپریم کورٹ
اسلام آباد (+نمائندہ نوائے وقت +آن لائن ) سپریم کورٹ نے پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں علاج کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔ جمعرات کو جسٹس مشیر عالم اور جسٹس قاضی فائز عیسی پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے ڈاکٹر عاصم کو علاج کے لئے بیرون ملک جانے کی درخواست کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر عاصم پہلے بھی علاج کروا کر واپس آگئے تھے اور وطن واپسی پر دوباہ ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا۔درخواست میں استدعا کی کہ علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔دوران سماعت جسٹس فائز عیسی نے ریمارکس دیے کہ وفاق تمام ملزمان کے ساتھ یکساں سلوک کیوں نہیں کرتا اور قانون کا معیار سب کے لئے یکساں کیوں نہیں ہے۔جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا کہ سنگین غداری سمیت کئی مقدمات کے ملزمان باہر بیٹھے ہیں۔باہر بیٹھ کر بڑے بڑے کام ہورہے ہیں۔ کیا بیرون ملک ملزمان کی واپسی کے لئے اقدامات کئے گئے۔ عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کو علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور کرلی۔عدالت نے ڈاکٹر عاصم کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ بیرون ملک جانے کی اجازت احتساب عدالت سے لی جائے۔