گوجرانوالہ : پولیس کا نوجوان پر تشدد، ہسپتال میں دم توڑ دیا، ورثاءکا احتجاج

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) نوجوان محنت کش جرم قبول کروانے کیلئے ہونیوالے پولیس تشدد سے جاں بحق ہوگیا۔ ورثاءاور اہل علاقہ نے سیالکوٹ روڈ بلاک کر کے شدید احتجاج کرتے ہوئے پولیس کیخلاف نعرے بازی کی۔ لوہیانوالہ کے رہائشی قاسم، مٹھو شیخ وغیرہ کے گھر ایک ہفتہ قبل چوری کی واردات ہوئی تھی۔ چوکی لوہیانوالہ پولیس نے شک میں محلے ہی کے رہائشی رنگساز شکیل کو حراست میں لے لیا۔ اس دوران پو لیس ملازمین اسے چوری کا جرم قبول کروانے کیلئے وحشیانہ تشدد کا نشا نہ بناتے رہے اور آج اسے حالت غیر ہونے پر چوکی کے قریب سی این جی پمپ کے پاس پھینک دیا۔ شکیل کے ورثاءاور اہل علاقہ نے نعش چارپا ئی پر ڈال کر سیالکوٹ سڑک بلاک کر کے ٹائروں کو آگ لگا کر شدید احتجاج کیا۔ پو لیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی اور شکیل کو تشدد کا نشانہ بنانے والے ملازمین کیخلاف کارووائی کی یقین دہانی کروائی جس پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔