لاہور میں لاکھوں کی واردتیں‘ ڈاکوئوں نے گوجرانوالہ میں نوجوان کو قتل کردیا

لاہور + گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں شہری لاکھوں سے محروم ہو گئے جبکہ ڈاکوئوں نے گوجرانوالہ میں نوجوان کو قتل کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ نواحی گائوں ہیرو کا نوجوان یٰسین ریت کی ٹرالی لیکر شہر آ رہا تھا کہ ڈاکوئوں نے اسے قتل کرکے ریت کی ٹرالی اس پر انڈیل دی۔ چند گھنٹوں بعد ایک ڈاکو ناکہ پر پکڑا گیا جس نے واردات کا انکشاف کیا۔ ہیرو چک کے رہائشیوں نے پسرور روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر ٹریفک معطل کر دی۔ مانگا منڈی میں چار ڈاکوئوں نے لوہاراں والا کھوہ کے رہائشی حماد کے گھر سے اڑھائی لاکھ مالیت کے زیورات ، نقدی ، موبائل فونز اور دیگر سامان لوٹ لیا اور مزاحمت پر حماد کے بیٹے خالد کو گولی مار کر زخمی کردیا۔ ڈیفنس این بلاک میں موٹر سائیکل سوار دو ڈاکوئوں نے کار سوار خواتین سے لاکھو ں مالیت کے زیورات، موبائل اور نقدی، گرین ٹائون میں شہباز کے گھر سے 4 لاکھ مالیت کے زیورات ، نقدی اور موبائل، شمالی چھائونی میں اسحاق سے 50ہزار اور تین موبائل، ستوکتلہ میں اعجاز سے 5ہزار اور موبائل چھین لیا، قلعہ گجر سنگھ میں بشیر سے نقدی اور موبائل چھین لیا، سمن آباد ، جنوبی چھائونی ، ڈیفنس ، اقبال ٹائون ، گارڈن ٹائون ، پرانی انارکلی اور اسلام پورہ سے گاڑیاں جبکہ گوالمنڈی ، سمن آباد ، قلعہ گجر سنگھ ، شاہدرہ ، ٹائون شپ ، سبزہ زاراور پرانی انارکلی سے موٹر سائیکلیں چوری ہوگئیں۔ڈاکوئوں نے نشتر کالونی میں غفار سے 35 ہزار اور موبائل‘ اقبال ٹائون میں ثمرین سے 65 ہزار اور زیورات‘ کوٹ لکھپت میں خاور سے 50 ہزار اور موبائل‘ مانگا منڈی میں پتوکی کے رہائشی محمد شریف سے کار‘ ایک لاکھ روپے اور موبائل‘ کاہنہ میں زکریا سے نقدی اور موبائل چھین لیا۔ کاہنہ میں ہی محافظ کے گھر سے ایک لاکھ روپے کی نقدی‘ زیورات‘ لاری اڈہ میں جمشید سے 2 لاکھ‘ شاہدرہ میں ذیشان سے ایک لاکھ روپے اور موبائل‘ گلبرگ میں شمیم بی بی سے ایک لاکھ کی نقدی‘ زیورات‘ مسلم ٹائون میں زبیر سے 18 ہزار اور موبائل‘ نوانکوٹ میں حنیف سے 10 ہزار اور موبائل چھین لیا گیا۔ گرین ٹائون‘ ماڈل ٹائون سے موٹرسائیکلیں جبکہ مصطفی آباد اور ریس کورس سے بھی گاڑیاں چوری ہوگئی ہیں۔