استحکام پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ امریکہ اور طالبان سے ہے : شہید پاکستان کانفرنس

لاہور (خبرنگار) استحکام پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ امریکہ اور طالبان سے ہے۔ پاکستان میں امن قائم ہونے تک پاکستان بچائو تحریک جاری رہے گی۔ پوری دنیا کا امن خراب کرنے والوں کا تعلق ایک مخصوص گروہ سے ہے۔ حکومت ان کو بے نقاب کرے جو مدارس دہشت گردی میں ملوث ہیں ان کے خلاف ایکشن کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر سرفراز نعیمی کی یاد میں ہونے والے سیمینار سے خطاب کرنے والے مقررین نے کیا۔ اس موقع پر تحفظ ناموس رسالت محاذ کے قائم مقام صدر مفتی محمد خان قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا استحکام پاکستان کیلئے سب سے بڑا خطرہ امریکہ اور طالبان ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان میں مدینے والی سرکارﷺ کا اسلام چاہیے۔ ڈاکٹر محمد سرفراز نعیمی نے جو ملک بچائو تحریک کا آغاز کیا تھا انشاء اللہ یہ تحریک جاری رہے گی اور پورے ملک میں ’’پاکستان بچائو سیمینار‘‘ منعقد ہوں گے۔ صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے کہا کہ پورے پاکستان میں مدارس پر نظر رکھی جائے اور حکومت جہاں چاہے بغیر اطلاع آپریشن کرے۔ ہم اس کی بھرپور حمایت کرینگے۔ علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کہا ڈاکٹر سرفراز نعیمی کے مشن کو عام کرنے کیلئے پورے ملک میں گو امریکہ گو طالبان نعرہ عام کیا جائے گا۔ پیر محمد افضل قادری نے کہاکہ امریکی طالبان معاشرے کا ناسور ہیں جس کو ختم کرنے کے لئے ہم شہید پاکستان ڈاکٹر سرفراز نعیمی کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے شہادت کا جام نوش کرینگے۔ پیر خواجہ قطب الدین فریدی نے کہا کہ پوری دنیا کا امن خراب کرنے والے گروہ کا تعلق ایک ہی مخصوص فرقے سے ہے۔ سیمینار سے مولانا خان محمد قادری‘ پیر سید محمد عرفان مشہدی‘ پیر میاں حنفی سیفی‘ محمد نواز کھرل‘ مولانا رضائے مصطفی نقشبندی‘ مولانا محمد نعیم عارف نوری‘ پیر محمد اطہر القادری‘ مولانا محمد علی نقشبندی‘ مولانا سید منور شاہ‘ مولانا مفتی مسعود احمد‘ مولانا سید خرم ریاض‘ مولانا احمد رضا‘ مولانا مجاہد عبدالرسول قادری اور مولانا عبدالخالق نے بھی خطاب کیا۔