بل گیٹس نے پاکستان کی مالی امداد بڑھانے کا اعلان کر دیا
اسلام آباد(آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کی سکیورٹی امداد معطل کرنے کے اعلان کے بعد دنیا کے امیر ترین آدمی اور آئی ٹی کمپنی مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے وعدہ کیا ہے کہ ان کی بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن پاکستان کی مالی امداد میں اضافہ کرے گی۔نیشنل ہیلتھ سروسز (این ایس ایس) کی وزیر سائرہ افضل تارڑ کو موصول ایک خط میں بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے کے لیے حکومت کے عزم کی تعریف کی اور صحت کے شعبے میں ہونے والی جدت اور خاص طور پر ماں اور بچے کی دیکھ بھال اور تولیدی صحت کو مضبوط بنانے کے عمل کو تسلیم کیا۔ خط میں یہ تجویز دی گئی کہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ہیلتھ ڈاکٹر اسد حفیظ کو وزارت اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے درمیان رابطے کے ذریعے کے طور پر نامزد کیا جائے۔اس حوالے سے این ایچ ایس کے حکام نے بتایا کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے ان کی مدد میں اضافے کی توقع ہے اور نہ صرف پولیو کے خاتمے کے پروگرام بلکہ دیگر شعبہ جات میں اضافہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ بل گیٹس نے اپنے تکنیکی ٹیم کو نامزد کردیا ہے اور امید ہے کہ وہ جلد وزارت کے نمائندوں سے ملاقات کرے گی اور مختلف شعبوں میں اپنی معاونت کو حتمی شکل دے گی۔ان کا کہنا تھا کہ فاؤنڈیشن کی جانب سے اب تک پاکستان کو 72 ارب روپے دیئے جاچکے ہیں اور توقع یہ ہے کہ مستقبل میں امداد کی اس رقم میں اضافہ ہوگا۔