محکمہ ایکسائز کے سیکرٹری ڈی جی سمیت درجنوں افسران نے گاڑیوں کا ٹوکن ٹیکس نہیں دیا


لاہور (تحقیقاتی رپورٹ: احسان شوکت سے) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل سمیت درجنوں اعلیٰ افسران نے زیراستعمال گاڑیوں کا ٹوکن ٹیکس جمع نہیں کرایا ہے۔ مگر ”فرائض کی بجا آوری“ میں محکمہ ایکسائز کے افسران کا ٹوکن ٹیکس نادہندہ عام عوام اور دیگر محکموں کی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈا¶ن‘ پکڑ دھکڑ‘ کاغذات کی ضبطگی‘ بھاری جرمانے‘ رجسٹریشن کی منسوخی سمیت دیگر تادیبی کارروائیاں زور و شور سے جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز کے افسران خود نادہندگان کی گاڑیوں کے کاغذات ضبطگی اور سو فیصد تک جرمانہ کی وصولی کے علاوہ دیگر تادیبی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ محکمہ ایکسائز ہزاروں گاڑیوں کے کاغذات ضبط کر چکا ہے اور لاکھوں گاڑیوں کو جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے۔ جبکہ محکمہ ایکسائز نے چیف سیکرٹری سمیت تمام محکموں کے سیکرٹریز اور دیگر افسران کو نوٹسز بھجوائے ہیں کہ وہ اپنے محکموں کے زیراستعمال گاڑیوں کا ٹوکن ٹیکس فی الفور جمع کرائیں۔ محکمہ ایکسائز کے سیکرٹری کیپٹن ریٹائرڈ زاہد سعید کے زیراستعمال کار نمبر ایل ای جی 707‘ ڈی جی ایکسائز ہمایوں مظہر شیخ کی کار ایل ای جی 777‘ ایڈیشنل ڈی جی منور کھرل کی کار نمبر ایل آر ایل 707 کا ٹوکن ٹیکس جمع ہی نہیں کرایا گیا۔ علاوہ ازیں ایک ہزار سی سی سے کم گاڑیاں جن پر دس ہزار روپے لائف ٹائم ٹوکن عائد ہے۔ ان میں پی اے وزیر ایکسائز حبیب الرحمان ہاشمی کی کار نمبر ایل ای جی 07-777‘ موٹر برانچ لاہور کے ڈائریکٹر مسعود الحق کی کار نمبر ایل ای جی 07-606‘ ڈائریکٹر ہیڈکوارٹر راجہ منصور کی ایل ای جی 888‘ سسٹم اینالسٹ محمد سلیم کی ایل ای جی 192‘ ڈائریکٹر ساہیوال رضوان اکرم شیروانی کی ایس ایل جی 11‘ ڈائریکٹر ای اینڈ اے محمد آصف کی ایل ای جی 7084‘ ڈائریکٹر اکرم اشرف گوندل کی ایل ای جی 357‘ ڈائریکٹر ریجن بی عاشق حسین شاہ کی ایل ای جی 151‘ ڈائریکٹر ڈی جی خان اقبال ناصر کی ایل ای جی 900‘ ڈائریکٹر فیصل آباد سرفراز وفا کی ایل ای جی 160‘ ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل عمران اسلم کی ایل ای جی 07-111‘ ڈائریکٹر بہاولپور خالد صدیق کی ایل ای جی 515‘ ڈائریکٹر سرگودھا را¶ شکیل الرحمن کی کار نمبر ایل ای جی 773‘ ڈائریکٹر گوجرانوالہ احمد سعید کی ایل ای جی 201‘ ڈائریکٹر راولپنڈی کی ایل ای جی 600‘ ای ٹی او خالد باجوہ کی ایل ای جی 303 کے علاوہ محکمہ ایکسائز کے زیراستعمال گاڑیاں‘ ایل ای جی سیریز کی 788‘ 886‘ 666‘ 2288‘ 881 کا دس ہزار روپے لائف ٹائم ٹوکن بھی جمع نہیں کرایا گیا ہے لیکن محکمہ ایکسائز عام شہریوں سے زبردستی لائف ٹائم ٹوکن ٹیکس وصول کر رہا ہے۔ جس کی ادائیگی کے بغیر گاڑی کی ٹرانسفر و ڈوپلیکیٹ کاغذات کی تیاری پر بھی مکمل پابندی عائد ہے مگر محکمہ ایکسائز حکام کو معلوم ہے کہ ٹوکن ٹیکس کی عدم ادائیگی پر ان کی گرفت کرنے والا کوئی محکمہ وجود میں نہیں آیا ہے۔