وزیراعظم گیلانی فارغ ہیں اس لئے قومی اسمبلی آسکتے ہیں:رانا ثناءاللہ

لاہور (آئی این پی) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی فارغ ہیں اس لئے قومی اسمبلی آسکتے ہیں ، وزیر اعلیٰ پنجاب اسمبلی میں آنے کے پابند نہیں۔ وہ بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام فیصلے ایوان صدر میں ہوتے ہیں، وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی تو صرف ملاقاتیں کرنے کے لئے ہیں اس کے علاوہ ان کا کوئی کام نہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب حکومت کو اچھی طرح چلارہے ہیں ،اسمبلی میں آنے یا نہ آنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے وزراءجب کابینہ میں شامل تھے تو سب ٹھیک تھا جب سے ان کو الگ کیا ہے تو ان کو خامیاں نظرآنے لگی ہیں۔
:رانا ثناءاللہ