فیصل آباد سمیت پنجاب‘ خیبر پی کے کے بالائی علاقوں اور زیریں سندھ میں بارشیں

فیصل آباد / پشاور / کراچی / بہاولپور (نمائندہ خصوصی + ایجنسیاں + نیٹ نیوز) گرمی اور شدید حبس کے بعد گزشتہ روز فیصل آباد سمیت پنجاب اور خیبر پی کے کے بالائی علاقوں اور زیریں سندھ میں بارش ہوئی گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا جبکہ شدید گرمی کے باعث چولستان کے صحرا میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے تفصیل کے مطابق گزشتہ چند روز سے جاری گرمی کی شدید لہر اور حبس کے بعد گزشتہ روز ملک کے بعض علاقوں میں بارشیں ہوئیں‘ فیصل آباد میں تیز آندھی کے ساتھ ایک گھنٹہ موسلادھار بارش ہوئی بارش کے باعث لوگوں کے چہرے کھل اٹھے جبکہ بالائی پنجاب‘ صوبہ خیبر پی کے کے بالائی علاقوں اور زیریں سندھ میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران بالائی پنجاب کے علاوہ گوجرانوالہ ڈویژن‘ ہزارہ‘ کشمیر‘ ملحقہ پہاڑی علاقوں اور زیریں سندھ میں کہیں کہیں وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔ ایبٹ آباد میں سب سے زیادہ چونتیس ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ مری میں تینتیس‘ منگلا تیرہ‘ جہلم دس‘ لاہور نو جبکہ کوٹلی اور راولاکوٹ میں دو‘ دو ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم کشمیر‘ بالائی پنجاب اور ہزارہ ڈویژن میں تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کراچی میں محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ آفیسر محمد ریاض نے بتایا کہ شہر میں موجودہ ہلکی بارش مون سون کا حصہ نہیں ہے۔ بہاولپور سے جی این آئی کے مطابق گزشتہ روز چولستان میں شدید گرمی کے باعث صحرا میں تڑپ تڑپ کر 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ثناءنیوز کے مطابق پشاور میں اتوار کے روز بھی سورج آگ برساتا رہا درجہ حرارت بڑھنے سے لوگ اپنے گھروں میں مقید ہو کر رہ گئے سڑکیں اور بازار سنسان ہوگئے گرمی کے باعث متعدد افراد بیہوش ہو گئے جنہیں مقامی ہسپتالوں میں پہنچایا گیا۔