چودھری اسلم کی ہلاکت، شہباز شریف اور شہلا رضا کے درمیان ٹوئٹرز پر اشعار کا تبادلہ

لاہور/ کراچی(آئی این پی) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کی رہنما و سندھ اسمبلی کی سابق ڈپٹی سپیکر شہلا رضا کے درمیان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر  چودھری اسلم کی شہادت کے حوالے سے اشعار کا تبادلہ ہوا۔ دونوں  نے ایک دوسرے کو اشعار کی زبان میں جوابدیا۔ ٹویٹر پر  وزیراعلیٰ پنجاب  نے جب  کراچی بم حملے میں جاں بحق ہونے والے ایس ایس کراچی  اسلم  چودھری  کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا وہ ایک بہادر پولیس آفیسر تھے اور پوری قوم ان پر فخر کرتی ہے۔ قوم انکی بہادری کو ہمیشہ ایک بہادر پولیس آفیسر کے طور پر یاد رکھے گی تو اس پر شہلا رضا نے کہا ’’عجب دوستی‘ عجب ہے تیرا نظام‘ حسین بھی دوست‘ یزید کو بھی سلام‘‘ جبکہ اسکے جواب میں  شہباز شریف نے کہا ’’یہاں وابستگی وہاں برہمی کیا جانئے کیوں ہے‘ نہ ہم ایسی نظر سمجھے‘ نہ ہم انکی ادا سمجھے‘‘۔ مزید براں شہلا رضا نے اپنے بیان میں کہاکہ کبھی کسی نے سانپ، اژدہے، بھیڑیئے یا کسی جنگلی جانورسے مذاکرات کئے ہیں، نہیں تو پھر دہشت گردوں سے کیوں؟  شہلا رضا نے تحریک انصاف پنجاب کی صدر نیلم نواب کے بیٹے کی ڈاکوئوں کے ہاتھوں ہلاکت کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔